جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

اسمبلی اپنے وقت پر یا صرف نواز شریف کے کہنے پر تحلیل ہوگی: وزیر اعظم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اسمبلی اپنے وقت پر یا صرف نواز شریف کے کہنے پر تحلیل ہوگی۔ پیپلز پارٹی سے کوئی این آر او نہیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن سے گفتگو کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میری حکومت کے خلاف سازش نہیں ہو رہی۔ میں سازشوں پریقین نہیں رکھتا۔ نگراں وزیر اعظم کا تقرر چوری چھپے نہیں ہوگا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صوبائی اسمبلیاں توڑنے والے شوق پورا کرلیں۔ عام انتخابات جولائی میں ہی ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ دو طریقوں سے تحلیل ہوگی، نواز شریف کے کہنے پر یا پھر اپنے وقت پر تحلیل ہوگی۔ آئندہ الیکشن نواز شریف کی تصویر پر ہی لڑیں گے۔ ’میری یا شہباز شریف کی تصویر لگانے سے کوئی ووٹ نہیں ملے گا‘۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان اور زرداری، طاہر القادری کی قیادت میں اکٹھے ہوگئے۔ عوام انتخابات میں اپوزیشن کی سیاست کا صحیح جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے کوئی این آر او نہیں کریں گے۔ ’نہ تو چور ہیں نہ ہی کوئی ڈاکہ مارا ہے، این آر او چور کرتے ہیں‘۔

شاہد خاقان نے مزید کہا کہ ماضی میں ایک نگراں وزیر اعظم کیش رشوت وصول کرتا رہا۔ وزیر اعظم آفس میں گیس کنکشن اور کلاشنکوفوں کے لائسنس بیچے گئے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ختم نبوت کا قانون تمام جماعتوں کا متفقہ فیصلہ تھا۔ سینیٹ میں مسلم لیگ ن نے قانون کی مخالفت کی تھی۔ ختم نبوت قانون کی منظوری کا ذمہ دار ن لیگ کو نہ ٹھہرایا جائے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں