اسلام آباد: قومی اسمبلی میں پارلیمانی سیکریٹری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ X کو بلاک کرنے کا اعتراف کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فیک نیوز کے پھیلاؤ پر آسیہ نازتنولی نے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا، جس پر پارلیمانی سیکریٹری نے کہا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں پر 86 ہزار سمز بلاک کی گئیں ہیں، انھوں نے کہا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کو بھی بلاک کیا گیا ہے۔
پارلیمانی سیکریٹری ساجد مہدی کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک کرائمز ایکٹ میں ترمیم بہت جلد کی جائے گی، فیک نیوز روک تھام کے لیے کام جاری ہے، وزیر اعظم نے ٹاسک فورس قائم کی ہے۔
ساجد مہدی نے کہا ’’ہم نے ایکس کے ساتھ ساتھ وی پی این پر پابندی لگائی ہوئی ہے، بین الاقوامی دنیا ہم سے بہت آگے ہے، وہاں فیک نیوز کو اتنی اہمیت ہی نہیں دی جاتی، بین الاقوامی دنیا میں تو اظہار آزادی رائے کی بھی بہت آزادی ہے۔
پارلیمانی سیکریٹری نے کہا اس معاملے کو ہم بحث کے لیے یونیورسٹیز، کالجز اور اسکولوں تک لے گئے ہیں تاکہ آگاہی ہو سکے، فیک نیوز روکنے کے لیے کہیں بھی اتنی پابندی نہیں جتنا ہم نے چیک رکھا ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ فیک نیوز جب فلوٹ ہوتی ہے تب ہی اسے روکا جاتا ہے، پوری دنیا میں فیک نیوز کو ہونے سے پہلے تو روکا نہیں جا سکتا۔