اشتہار

پی ٹی آئی کے تمام پرانے اتحادیوں سے رابطے بحال ہوگئے، پرویز الٰہی کا دعویٰ

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر پرویز الٰہی نے دعویٰ کیا ہے کہ ہمارے ایم کیو ایم سمیت تمام پرانے اتحادیوں سے رابطے بحال ہو چکے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پرویز الٰہی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایم کیوایم کو پی ڈی ایم سے اتحاد کا سیاسی طور پر بہت نقصان ہوا ہے، ان میں سوچ موجود ہے کہ پی ڈی ایم کے ساتھ مزید چلنے کا کوئی فائدہ نہیں، بلوچستان حکومت اور جی ڈی اے میں بھی تحفظات پائے جاتے ہیں، ان جماعتوں کو حکومت کی آئین اور ملک دشمن پالیسیوں پر سخت تحفظات ہیں۔

پرویز الٰہی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان جلد تمام جماعتوں کا اجلاس بلا کر اگلے لائحہ عمل کا بتائیں گے۔

- Advertisement -

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا اعلامیہ سپریم کورٹ کے امور میں کھلی مداخلت ہے، یہ اعلامیہ غیر آئینی مطالبات پر مبنی ہے،سپریم کورٹ کے خلاف دھمکی اور توہین آمیز زبان استعمال کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی سیاست آخری ہچکیاں لے رہی ہے، الیکشن رکوانے کے لیے حکومت کا آخری حربہ بھی ناکام ثابت ہوگا۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نواز شریف جیسے مفرور مجرم کی سربراہی میں حکومتی اجلاس ہوئے، یہ قوم اور اداروں کے ساتھ سنگین مذاق ہے، نواز شریف خود تاحیات نااہل اور بھگوڑا ہے، شہباز شریف نے ضمانت دی ان کے خلاف بھی کیس ہونا چاہیے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں