وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے ہیں۔
عمران خان کے اعلان کے بعد اے آر وائی کے پروگرام دی رپوٹرز میں وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے خصوصی انٹرویو کے دروان اپنی گفتگو میں کہا کہ جب خان صاحب جنرل (ر) باجوہ کے خلاف بات کر رہے تھے تو مجھے بہت برا لگا۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں جنرل (ر) باجوہ کے ان پر بہت احسانات ہیں احسان فراموشی نہ کی جائے، اگر جنرل (ر) باجوہ کےخلاف بات کی گئی تو میری ساری پارٹی بولےگی، اب اگرکسی نے جنرل باجوہ کے خلاف بات کی تو اس کے خلاف سب سے پہلے میں بولوں گا۔
پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ عمران خان تومونس الٰہی کوساتھ نہیں بٹھاتےتھے، اس کے باوجود عمران خان کا بھرپور ساتھ دیا، عمران خان نےکہا اسمبلی توڑو تو ہم نے فوراً حامی بھرلی لیکن جنرل ریٹائرڈ قمرجاوید باجوہ ہمارے اور پی ٹی آئی کے محسن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خان صاحب سے پہلے بھی کہا تھا جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کے خلاف بات نہ کریں، گزشتہ روز بھی کہا تھا لیکن عمران خان نے ساتھ بٹھا کر جنرل باجوہ کے خلاف بات کرکے زیادتی کی ہے۔