جہاز میں سفر کرنے والے مسافر اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ انہیں ائیرلائن کی جانب سے مخصوص سامان کا وزن لے جانے کی اجازت دی جاتی ہے اور اگر وزن زیادہ ہوجائے تو پھر اضافی رقم ادا کرنا پڑتی ہے۔
غیرملکی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق فلپائن کے شہر ڈاواؤ سٹی سے تعلق رکھنے والی خاتون مسافر جب ایئرپورٹ پہنچیں تو عملے نے انہیں بتایا کہ بیگ میں سامان زیادہ ہے لہذا وزن کی اضافی رقم انہیں ادا کرنا پڑے گی۔ رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ عملے نے خاتون مسافر کو بتایا تھا کہ اُن کے سوٹ کیس کا وزن 9 کلو ہے جبکہ صرف 7 کلوگرام تک سامان لے جانے کی اجازت ہے۔
مسافر گیل روڈری گوئز نے اضافی رقم ادا کرنے سے صاف انکار کیا اور اپنا بیگ اُس میں سے تمام کپڑے نکال کر ایک کے اوپر ایک پہننا شروع کردیے۔
گیلی روڈری نے جب یہ کام ختم کیا تو اُن کے بیگ کا وزن ڈھائی کلو کم ہوگیا، رپورٹ کے مطابق خاتون مسافر نے تین ٹراؤزر، پانچ شرٹس اور تین جیکٹس پہن کر وزن ساڑھے 6 کلوگرام تک پہنچا دیا، جس کے بعد انہیں جانے کی اجازت دی گئی۔
خاتون نے ایئرلائن انتظامیہ سے کہا کہ اُن کے پاس رقم نہیں لہٰذا وہ اسی انداز میں سفر کریں گی۔ گیلی نے بورڈنگ کارڈ ملنے کے بعد اپنی تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی جسے صارفین نے بہت حد پسند کیا اور اسے پیسے بچانے کا آسان طریقہ بھی قرار دیا۔
خاتون کا کہنا تھا کہ ’’مجھے چیک ان کاؤنٹر پر عملے نے بتایا کہ دو کلو وزن اضافی ہے تو بجائے پریشان ہونے کے میں نے اُسے کھول کر کپڑے نکالے اور پریشانی ختم کردی‘‘۔