ریکارڈ رنز کے باوجود کراچی ٹیسٹ کیوں ڈرا ہوا؟ آسٹریلوی میڈیا نے پیٹ کمنز پر سوالات اٹھادئیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی میڈیا نے اپنے کپتان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے 170 اوورز سے زیادہ کھیلے، ڈرا پاکستان ٹیم کے لیے جیت ہے، پیٹ کمنز کو کچھ مختلف کرنا چاہیے تھا اور کراچی ٹیسٹ جیتنا چاہیے تھا۔
آسٹریلوی میڈیا نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو آؤٹ کرنے کے لیے چوتھے اور پانچویں دن میں بہت وقت تھا، اسٹیو اسمتھ اور عثمان خواجہ نے چانس مس کیے اور ٹیم نے کیچز ڈراپ کیے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے ٹیسٹ میں نئی تاریخ بنا ڈالی
اس صورت حال میں سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک بھی میدان میں آئے اور میڈیا کے ہمنہوا ہوتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کے پاس پاکستان کو آؤٹ کرنے کے لئے بہت اوورز تھے، چانس مس کرنے پر یقینی طور پر ٹیم کو سخت مایوسی ہوئی ہوگی۔
مائیکل کلارک کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کو یہ ٹیسٹ میچ ہر صورت میں جیتنا چاہیے تھا، موجودہ صورتحال میں کئی سوالات کپتان سے پوچھیں جائیں گے۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا پاکستان کو فالو آن نہیں کرنا چاہیے تھا؟
واضح رہے کہ کراچی ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلیا ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا تھا کہ پاکستان عمدہ بیٹنگ کرکے میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوا جب کہ میچ ہاتھ سے نکلنے پر افسوس ہے۔
آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ کراچی ٹیسٹ کے تیسرے روز میچ پر ہماری گرفت مضبوط تھی اور بولرز کو بھی ریورس سوئنگ کا فائدہ مل رہا تھا لیکن فیلڈرز نے بولرز کا ساتھ نہیں دیا اور چوتھی اننگز میں ان کی جانب سے میچ میں کیچز ڈراپ ہونے سے صورتحال تبدیل ہوئی۔