اسلام آباد: پانامہ کیس کی سماعت کے بعد تحریک انصاف کے نعیم الحق اورپاکستان عوام تحریک کے درمیان تلخ کلامی‘ شیخ رشید نے بیچ بچاؤ کرایا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی سماعت کے بعد پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور میڈیا سے گفتگو کرنے آئے تو تحریک انصاف کے وکلاء کی جانب سے انہیں پیچھے ہٹایا گیا اور میڈیا سے گفتگو کرنے سے روکا گیا۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق بھی موجود تھے اوردونوں رہنماؤں کے درمیان بات بڑھ کر تلخ کلامی تک جا پہنچی‘ جس پر شیخ رشید نے دونوں رہنماؤں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا اور معاملے کو رفع دفع کرنے کی کوشش کی۔
پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہ کہ نعیم الحق نے جو زبان استعمال کی ‘ منہاج القرآن سے تعلق رکھنے والے افراد نہ اس زبان میں بات کرسکتے ہیں ، نہ برداشت کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا تحریک انصاف کا ابھی یہ حال ہے تو طاقت ملنے پر کیا کریں گے۔ خرم گنڈا پور کے مطابق ہم تحریک انصاف کے پارٹنر ہیں اور پارٹنرشپ برابری کی سطح پر ہوتی ہے اور تحریک انصاف کو یہ بات سمجھنا ہوگی۔
گنڈا پور نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’یہ طاہر القادری کی پارٹی نہیں ہے کہ 14 افراد قتل ہوجائے اور خاموش رہیں‘‘۔ وہ جواب دیں کہ جب پولیس نے ان کا راستہ روکا تو وہ صوبے کے چیف منسٹر ہونے کے باوجود دم دبا کر بھاگ گئے ‘ ہم تو عام شہری تھے جو کہ ریاست کے تشدد کا نشانہ بنے۔
انہوں عمران خان کے بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’ڈاکٹر طاہر القادری دلہن کی طرح ناراض بیٹھے ہیں‘، ان الفاظ پر خرم نواز گنڈا پوربھی شدید غم وغصے کا اظہار کیا۔