دنیا کی مقبول ترین فوٹو شیئرنگ ایپ ‘انسٹاگرام’ نے بچوں کے لیے ایپ میں کِڈز ورژن کی تیاری روکنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ فیس بک کی اپنی تحقیق میں دریافت ہوا کہ انسٹاگرام نوجوانوں کی ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب کرسکتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ فیس بک کے زیر تحت اندرونی طور پر ہونے والی تحقیق 3 سال تک جاری رہی جس سے پتا چلا کہ انسٹاگرام نوجوان باالخصوص لڑکیوں پر زیادہ اثر انداز ہوتی ہے۔ اس مشاہدہے کے بعد کڈز ورژن کی تیاری روکنے کا اعلان کیا گیا، مذکورہ ورژن 13 سال سے کم عمر کے بچوں کے لیے تیار کیا جانا تھا۔
ایپ کے سربراہ ایڈم موسیری نے ایک بلاگ پوسٹ میں یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ فیس بک کم عمر صارفین پر تجربے کا سلسلہ جاری رکھے گا، ناقدین ہمارے مقصد کو ٹھیک طرح سمجھ نہیں سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فوٹو شیئرنگ ایپ کبھی بھی چھوٹے بچوں کے لیے تیار نہیں کی گئی بلکہ 10 سے 12 سال کے صارفین کے لیے تھی، لیکن پراجیکٹ کی تفصیلات وقت سے پہلے لیک ہوگئی۔
ایڈم نے بتایا کہ لوگوں کو اس ضمن میں بہت خدشات ہیں لیکن ہمارے پاس ابھی جواب کم ہیں۔
دوسری جانب فیس بک نے وضاحت کی ہے کہ وال اسٹریٹ جنرل کے تحقیق کو غلط انداز میں پیش کیا۔ جبکہ کمپنی مطالعے کے نتائج بھی دینے سے انکاری ہے۔