لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا استعفیٰ منظور کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی کی جانب سے انضمام الحق کا استعفیٰ منظور کرنے کی تصدیق کردی ہے، انضمام الحق نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے 30 اکتوبر کو استعفیٰ دیا تھا۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ انضمام الحق کے ٹی وی شوز میں مسلسل بیانات کے بعد بورڈ نے استعفیٰ منظور کیا ہے۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق انضمام الحق کے خلاف تحقیقات جاری ہیں، شواہد اکٹھے کررہے ہیں، شواہد اکٹھے ہوتے ہی انضمام الحق کو بلا کر ان سے بات کریں گے۔
PCB accepts Inzamam-ul-Haq's resignation
Details here ⤵️ https://t.co/ssGEqfksgM
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) November 8, 2023
اس سے قبل پروگرام ’ہر لمحہ پرجوش‘ میں ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی عالیہ رشید کا کہنا تھا کہ ’انضمام الحق کی خبر کے بعد ذکا اشرف نے انہیں ملاقات کے لیے بلایا تھا، انضمام نے اپنے متعلق خبر کے بعد ناراضگی کا اظہار کیا۔‘
عالیہ رشید کا کہنا تھا کہ ’انضمام سے کہا کہ انتظار کرلیں ذکا اشرف آنے والے ہیں لیکن وہ ملاقات سے پہلے ہی چلے گئے اور استعفیٰ دے دیا۔‘
انہوں نے کہا کہ انضمام الحق تسلیم کرچکے ہیں وہ سایہ گروپ کے ایجنٹ ہیں، تحقیقات جاری ہیں معاملے پر برطانیہ سے بھی چیزیں اکٹھی کی ہیں۔
عالیہ رشید کا کہنا تھا کہ انکوائری جاری ہے غلط اور صحیح کا فیصلہ کمیٹی کرے گی، خبروں پر نہیں دستاویزات کی بنیاد پر کمیٹی بنائی ہے، انضمام کیخلاف انکوائری چل رہی ہے اسی لیے توصیف احمد کو عارضی چیف سلیکٹر بنایا گیا ہے۔