لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلادیش کیخلاف ٹی20 سیریز کیلئے شیڈول جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد 17 سال بعد بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی کرے گا، پاک بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ابتدائی 2 ٹی20 میچز 25 اور 27 مئی کو فیصل آباد میں اور بقیہ تین میچز 30 مئی، یکم جون اور 3 جون کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
یاد رہے کہ پہلے یہ دورہ تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل تھا لیکن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔
ون ڈے انٹرنیشنل کی جگہ 2 اضافی ٹی20 میچ کھیلے جائیں گے، دونوں کرکٹ بورڈز باہمی طور پر ون ڈے میچوں کی جگہ دو اضافی ٹی20 انٹرنیشنل کھیلنے پر اتفاق کیا ہے۔
واضح رہے کہ فیصل آباد 17 سال بعد ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کرے گا، اس اسٹیڈیم میں اس سے قبل 1978 سے 2008 کے درمیان 24 ٹیسٹ اور 16 ون ڈے میچز کھیلے جاچکے ہیں۔