لاہور: چئیرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے کہ بھارت کیخلاف سیریز نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا،بھارت سے کھیلے بغیر بھی پاکستان کرکٹ زندہ رہ سکتی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے بھارت کو دو ٹوک الفاظ میں بتادیا،کھیلنا ہے تو کھیلو ورنہ ہمارے پاس اور بھی آپشن موجود ہیں۔
شہریا ر خان نے کہا کہ بھارت سے سیریزنہ ہوئی تو پلان بھی موجود ہے، وہ زیادہ انتظار نہیں کریں گے، بھارت معاہدے کی پاسداری نہیں کرتا تو ہمیں بھی اس بات کی اب کوئی فکر نہیں،ہم ایک دو ماہ تک بھارت کے جواب کا انتظار کریں گے اس کے بعد پلان بی پر عملدرآمد ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کے امکانات بہت کم ہیں،بھارت کھیل اور سیاست کو ساتھ نہ جوڑے، بی سی سی آئی مالی طور پر ہم سے مضبوط ہے اور سیریز نہ ہونے سے زیادہ نقصان پی سی بی کا ہوگا لیکن ایسا نہیں ہے کہ ہم ان کے بغیر نہیں چل سکتے۔
شہریا ر خان نے کہا کہ سیریز دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کے تحت پاکستان کو رواں سال دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں بھارت کی بھی میزبانی کرنا ہے۔