تازہ ترین

ٹیسٹ سیریز: عبوری سلیکشن کمیٹی نے مزید تین کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کرلیا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی عبوری سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے مزید تین کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کرلیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عبوری سلیکشن کمیٹی نے کپتان بابر اعظم کی مشاورت سے تین کھلاڑی فاسٹ بولر میر حمزہ، اسپنر ساجد خان اور شاہنواز ڈاہانی کو شامل کیا ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ ہم نے اسکواڈ پر بات چیت کی اور اتفاق کیا کہ بولنگ کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

اسٹار آل راؤنڈر نے کہا کہ تینوں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے فاسٹ بولرز میر حمزہ اور شاہنواز ڈاہانی، آف اسپنر ساجد خان کو منتخب کیا گیا ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اضافی بولنگ اٹیک سے بابر اعظم کو پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب اسکواڈ میدان میں اتارنے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ قائد اعظم ٹرافی کے چار میچز میں میر حمزہ نے 16 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ساجد خان نے سات میچز میں 21 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

گزشتہ سلیکشن کمیٹی نے کیویز کے خلاف 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس میں فاسٹ بولر حسن علی کی واپسی ہوئی، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ26 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 2 جنوری 2023 کراچی میں ہی شیڈول ہے۔

 

Comments

- Advertisement -