پیر, نومبر 11, 2024
اشتہار

پاکستان کرکٹ کو بام عروج پر پہنچانے کیلیے پی سی بی نے بڑا قدم اٹھا لیا

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کرکٹ کی ترقی اور اسے بام عروج پر پہنچانے کے لیے پی سی بی نے بڑا قدم اٹھا لیا اور وہ کل اسٹریٹیجک کنکشن کیمپ کی میزبانی کرے گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم جس کی کارکردگی گزشتہ کچھ عرصے سے مسلسل تنزلی کا شکار ہے اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ کی ترقی اور اسے دوبارہ بام عروج پر پہنچانے کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اسٹریٹیجک کنکنشن کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کل اسٹریٹیجک کنکشن کیمپ کی میزبانی کرے گا جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، پاکستان کے ریڈ اور وائٹ بال ٹیموں کے ہیڈ کوچز اور کرکٹرز شریک ہوں گے۔ اس کیمپ کا مقصد پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے واضح وژن قائم کرنا ہے۔

- Advertisement -

کیمپ میں وائٹ بال ٹیم کپتان بابر اعظم، ریڈ بال کپتان شان مسعود کے علاوہ فخر زمان، محمد رضوان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی شرکت کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ کنیکشن کیمپ پاکستان کرکٹ کو سابقہ شان میں بحال کرنے کیلیے اور قومی کرکٹ کو نئی شکل دینے کے جاری سفر کی جانب پہلا اور اہم قدم ہے۔

ریڈ بال ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ یہ بات چیت مستقبل کیلیے مضبوط راستہ طے کرنے میں مدد کرے گی۔

ہیڈ کوچز جیسن گلیسپی اور گیری کرسٹن نے کہا کہ ہم سب کا ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان کرکٹ کا معیار بلند کریں۔ ہم کرکٹ میں نقطہ نظر کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کریں گے اور بین الاقوامی مقابلوں کے اعلیٰ درجے کے معیارات کو پورا کریں گے۔

دریں اثنا چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آج قذافی اسٹیڈیم لاہور کا دورہ کیا اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے اسٹیڈیم کے اندر اور باہر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔

محسن نقوی نے انکلوژرز، باکسز، خندق اور بیسمنٹ میں ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا، اس کے ساتھ ہی پراجیکٹ پر پیشرفت کا مشاہدہ کرتے ہوئے ہر کام کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ شائقین کرکٹ کی سہولت کیلیے ڈیجیٹل اسکور بورڈ کو مناسب جگہ پر نصب کیا جائے اور لفٹ کی سہولت بیسمنٹ تک دی جائے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے حوالے سے ایک ایک لمحہ قیمتی ہے۔ چیمپئنز ٹرافی سے قبل اسٹیڈیمز اپ گریڈیشن پراجیکٹ کی تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں