لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے چیف سلیکٹر کے لئے سابق کپتان انضمام الحق سے رابطہ کرلیا، انضمام الحق نے غور کیلئے کچھ وقت مانگ لیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہارون رشید کو ہٹانے کے بعد نوے کی دہائی کے ہیرو انضمام الحق کو نیا چیف بنانے کی پیشکش کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق نےغور کے لئے کچھ وقت مانگ لیا ہے، معاملات کو حتمی شکل دینے کے لئے انضمام الحق کی چیئرمین پی سی بی سے ملاقات بھی جلد متوقع ہے۔
اس سے قبل انضمام الحق دوہزار بارہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائم مقام بیٹنگ کوچ کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔
انضمام الحق ان دنوں افغانستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کررہے ہیں۔ ان کی کوچنگ میں افغانستان نے ٹیسٹ اسٹیٹس رکھنے والے زمبابوے اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو بھی زیرکیا۔
انضمام الحق پندرہ سال تک پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ منسلک رہے۔ انہوں نے دوہزار سات میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی۔