پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کیخلاف جاری تیسرے ٹیسٹ کا کل کا روز یوم پاکستان کے نام کرتے ہوئے کرکٹ فینز کے ساتھ منانے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کیخلاف قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ کا تیسرا روز یعنی کل کا دن یوم پاکستان کے نام کرتے ہوئے اس دن کو پاکستان کرکٹ فینز کے ساتھ منانے کا اعلان کیا ہے۔
کل قذافی اسٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا آغاز قومی ترانے سے ہوگا۔ کھیل کے آغاز میں دونوں ٹیمیں قومی ترانے کے احترام میں کھڑی ہونگی۔
یوم پاکستان کو یادگار بنانے کیلیے پی سی بی کی جانب سے قذافی اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں میں 2500 قومی پرچم تقسیم کیے جائیں گے۔ یہ پرچم چیئرمین پی سی بی رمیز راجا خود کرکٹ شائقین میں تقسیم کرینگے۔
اس موقع پر کمنٹری روم بھی یوم پاکستان کے رنگ میں رنگا ہوا ہوگا اور ملکی وغیر ملکی کمنٹیٹرز یوم پاکستان کی مناسبت سے لباس زیب تن کرینگے۔
یاد رہے کہ ٹسیٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں دوسرے روز آسٹریلوی ٹیم 391 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 91 رنز بنائے ہیں۔
عبداللہ شفیق 45 اور اظہر علی 30 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، اوپنر امام الحق 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل پاک آسٹریلیا سیریز کے ابتدائی دونوں میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔