تازہ ترین

عمران خان کا ضمنی الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ، پی ڈی ایم کیا کرنے جارہی ہے؟

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کے اعلان پر پی ڈی ایم نے پلان بی ترتیب دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کے 33 حلقوں میں سولہ مارچ کو ضمنی انتخابات کرانے کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے ان ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کیا ہے تاہم پی ڈی ایم سربراہ فضل الرحمان ان ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اب آصف زرداری اس معاملے میں کود پڑے ہیں اور انہوں نے حکومتی اتحادیوں کو ضمنی انتخابات میں شرکت پرمنانےکی کوششیں شروع کردیں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری موقف رکھتے ہیں کہ ضمنی انتخابات میں میدان خالی نہ چھوڑاجائے، آصف زرداری کے موقف پر پی ڈی ایم اورپیپلزپارٹی نے ضمنی انتخابات میں ملکرحصہ لینے پرغور شروع کردیا ہے اور ضمنی انتخابات سے متعلق وزرا پرمشتمل کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تمام تینتیس حلقوں میں پی ڈی ایم کا متفقہ امیدوار لانے کی تجاویز پر بھی غور شروع کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ضمنی الیکشن سے متعلق عمران خان کا بڑا فیصلہ

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے 33 حلقوں میں 16 مارچ کو شیڈول ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے خود الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ عمران خان نے گزشتہ سال پی ٹی آئی کے اراکین کے استعفے منظور ہونے کے بعد خالی ہونے والی 7 نشستوں سے خود الیکشن لڑا تھا اور 6 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہے تھے۔

Comments

- Advertisement -