اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پی ڈی ایم کے احتجاج سے متعلق لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے اہم اجلاس طلب کرلیا، اس دوران احتجاج کے پیش نظر سیکیورٹی سمیت دیگر امور زیر غور آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کی سربراہی میں اجلاس6جنوری کو ہوگا، الیکشن کمیشن پی ڈی ایم احتجاج کے پیش نظرمشاورت کرے گا، احتجاج کے پیش نظرسیکیورٹی سمیت دیگر امور زیر غور آئیں گے، الیکشن کمیشن اجلاس میں سینیٹ انتخابات کی تیاریوں پر بھی غور ہوگا۔
پی ڈی ایم کا 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کا اعلان
ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن اجلاس میں پنجاب بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر مشاورت ہوگی، پنجاب حکومت کے حکام الیکشن کمیشن کو بریفنگ دیں گے، الیکشن کمیشن اجلاس میں جینڈررپورٹ پر بحث ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا غفور حیدری کا کہنا ہے کہ اسلام آبادمیں آج 2گھنٹے اجلاس جاری رہا، پی ڈی ایم19 جنوری کوالیکشن کمیشن کےسامنےمظاہرہ کرے گی، احتجاج کامیاب بنانے کے لیے اول دستے کا کردار ادا کریں گے، نیب انصاف کا نہیں بلکہ انتقامی ادارہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیب صرف اپوزشن کی پگڑیوں کو اچھالنے کے لیے ہے، فارن فنڈنگ کیس کو دبایا گیا اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا، پی ڈی ایم کے فیصلے اتفاق رائے سے ہوئے ہیں، استعفے سے متعلق فیصلہ ہوچکا ہے، جمع بھی ہوچکے ہیں، استعفے کب پیش کریں گےاس کا تعین ہوگا، حکومت کےپاس کچھ بھی نہیں رہا۔