نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل نے ملاقات کی اور افغان مسئلے پر تبادلہ خیال کیا۔
تفصیلات کے مطابق زلمے خلیل اور وزیر خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں امریکی نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی ایشیا ایلس ویلز بھی موجود تھے۔
امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان سے ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔
شاہ محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کو بہت اہمیت دیتا ہے، افغانستان میں امن پاکستان میں امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔
اس موقع پر زلمے خلیل کا کہنا تھا کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، افغانستان میں امن کے لیے پاکستان سے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
کابل: شاہ محمود قریشی کی اشرف غنی اور افغان ہم منصب سے ملاقات
خیال رہے کہ رواں ماہ 15 ستمبر کو شاہ محمود قریشی نے کابل میں افغان ہم منصب سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے چیلنجز مشترکہ ہیں، مل کر نمٹنا ہوگا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک روزہ دورہ افغانستان کے موقع پر افغان صدر اشرف غنی اور افغان ہم منصب سے ملاقات کی تھی، اس موقع پر دونوں ممالک کے وفود بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کے دوران افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کا امن خطے کا امن ہے، پاکستان اور افغانستان کو مل کر امن کے لیے کام کرنا ہوگا۔