منگل, ستمبر 17, 2024
اشتہار

ٹی ٹی پی پر فضائی حملوں کا تعلق پاکستان کے خود مختار فیصلوں سے ہے، ترجمان پینٹاگون

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: پینٹاگون کے ترجمان نے کہا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) پر فضائی حملوں کا تعلق پاکستان کے خود مختار فیصلوں سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ترجمان پینٹاگون میجر جنرل پیٹرک رائیڈر نے پریس کانفرنس کی، جس میں ان سے سوال کیا گیا کہ کیا امریکا ٹی ٹی پی کے خلاف پاکستانی فضائی حملوں کی حمایت کرتا ہے؟

اے آر وائی نیوز کے سوال پر انھوں نے کہا پاکستان کے اندرونی فیصلوں پر کوئی بات نہیں کروں گا، ٹی ٹی پی پر فضائی حملوں کا تعلق پاکستان کے خود مختار فیصلوں سے ہے۔

- Advertisement -

پیٹرک رائیڈر نے کہا دہشت گردی کے معاملے پر پورے خطے میں خدشات ہیں، پاکستان کس طرح اپنی سرحدوں کی حفاظت اور کس طرح ملکی سیکیورٹی معاملات حل کرتا ہے یہ اس کا فیصلہ ہے۔

انھوں نے کہا ہمارے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، پاکستان کے ساتھ مل کر انسداد دہشت گردی پر کام کر رہے ہیں، پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کا رشتہ ہے۔ میجر جنرل کا کہنا تھا کہ علاقائی دہشت گردی کو روکنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے، تاہم پاکستان کے ساتھ ممکنہ انٹیلی جنس آپریشن پر بات نہیں کروں گا۔

دریں اثنا ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیوملر نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے، ہم علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں مشترکہ دل چسپی رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی پاکستانی سویلین اداروں کے ساتھ شراکت داری جاری ہے، نیز پاکستان کی عسکری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے بھی باقاعدہ بات چیت جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم دنیا بھر کے صحافیوں کے کام کی حمایت کرتے ہیں، ضروری ہے کہ صحافی کام کو محفوظ طریقے سے انجام دے سکیں، امریکا طالبان کی حمایت نہیں کرتا، ہم طالبان کو کوئی فنڈ نہیں دیتے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں