واشنگٹن : ترجمان پینٹاگون میجر جنرل پیٹرک رائیڈر نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندرونی فیصلوں پر کوئی بات نہیں کروں گا۔
یہ بات انہوں نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے دوران اے آر وائی نیوز کی جانب سے کیے جانے والے سوال کے جواب میں کہی۔
پریس کانفرنس میں ترجمان پینٹاگون سے ٹی ٹی پی کیخلاف فضائی حملے جاری رکھنے کے بیان پر سوال کیا گیا کہ کیا امریکا ٹی ٹی پی کیخلاف فضائی حملوں کی حمایت کرتا ہے؟
جس کے جواب میں میجر جنرل پیٹرک رائیڈر نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر پورے خطے میں خدشات ہیں، ٹی ٹی پی پر فضائی حملوں کا تعلق پاکستان کے خود مختار فیصلوں سے ہے، پاکستان کے اندرونی فیصلوں پر کوئی بات نہیں کروں گا۔
ترجمان پینٹاگون نے کہا کہ پاکستان کس طرح اپنی سرحدوں کی حفاظت کرتا ہے یہ ان کا فیصلہ ہے، پاکستان کس طرح ملکی سیکیورٹی معاملات حل کرتا ہے یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے۔
میجر جنرل پیٹرک رائیڈر کا کہنا تھا کہ ہمارےپاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، اس کے ساتھ مل کر انسداد دہشت گردی پر کام کررہے ہیں۔
پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کا رشتہ ہے، علاقائی دہشت گردی کو روکنے کیلئےپاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
ترجمان پینٹاگون میجر جنرل پیٹرک رائیڈر نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ ممکنہ انٹیلی جنس آپریشن پر بھی بات نہیں کروں گا۔