کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عوام سےگزارش ہے لاک ڈاؤن میں نرمی کا بیجا فائدہ نہ اٹھائیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ متعدد مقامات پرایس او پیز کی خلاف ورزی ہو رہی ہے،سماجی فاصلوں،احتیاطی تدابیر پر عملدر آمد بےحد ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام سےگزارش ہے لاک ڈاؤن میں نرمی کا بیجا فائدہ نہ اٹھائیں، بازاروں،ٹرانسپورٹ میں رش کے رجحان کو کم کیا جائے، عوام کی جانوں سے بڑھ کر کچھ بھی عزیر نہیں ہے۔
ناصر حسین کا کہنا تھا کہ بڑے اجتماعات،تقریبات سے اجتناب کرنا ضروری ہے، مساجد سمیت تمام عبادت گاہوں میں ایس او پیز کا نفاذ کیا جائے، ہر شعبے کے اندر سماجی دوری پر پابندی کی جانی چاہیے۔
ملک میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 1 لاکھ 32 ہزار سے تجاوز
واضح رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 88 افراد کرونا انفیکشن کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے جبکہ 6,472 نئے کیسز سامنے آئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں132,405 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ اموات کی تعداد 2,551 ہو گئی ہے۔