کراچی: ایم اے جناح روڈ پر شہریوں نے ڈاکو کو دھر لیا، بد ترین تشدد کے بعد شہریوں نے ڈاکو کو زندہ جلانے کی کوشش کی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی مشہور سڑک ایم اے جناح روڈ پر ایک ڈاکو شہریوں کے ہاتھ لگ گیا، جس کے بعد غصے سے بھرے شہریوں نے ڈاکو پر بد ترین تشدد کیا اور اسے جلانے کی کوشش کی۔
تاہم پولیس نے بر وقت پہنچ کر ملزم کو مشتعل ہجوم سے بچا لیا، اور زخمی ڈاکو کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔
قبل ازیں ایم اے جناح روڈ پر 3 ڈاکوﺅں نے شہریوں سے لوٹ مار کی اور فرار ہونے لگے اسی دوران متاثرہ شہریوں نے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا اور ایک ڈکیت کو پکڑ لیا اور بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کے لیے 77 تھریٹ الرٹس موجود ہیں: آئی جی سندھ
ملزم کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کام یاب ہو گئے جب کہ پکڑے جانے والے ملزم کو پولیس نے حراست میں لے کر مقامی اسپتال منتقل کر دیا ہے، پولیس ملزم کا کرائم ریکارڈ چیک کر رہی ہے، دوسری جانب فرار ہونے والے ملزمان کو بھی گرفتار کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
یاد رہے کہ ایم اے جناح روڈ پر لوٹ مار روز کا معمول بنی ہوئی ہے پولیس نے مکمل آنکھیں بند کی ہوئی ہیں یہی وجہ ہے عوام خود ہی سڑکوں پر عدالت لگا رہے ہیں۔