لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے قومی اداروں اور نیب پر دل کی بھڑاس نکالتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں اور مختلف اداروں میں بیٹھے لوگ حکومت کے خلاف مہم جوئی سے باز رہیں، ایک ایسا ادارہ نوٹس بھیج رہا ہے جس کا خود ڈھانچہ درست نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ جس ادارے کے ڈھانچے کو درست کرنے کی ضرورت ہے وہ حکومت کو شریف خاندان کو نوٹس پر نوٹس بھیج رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب تکبر کی آخری انتہا کو پہنچ چکے ہیں جبکہ کوئی دوسروں پر لعنت بھیجتا ہے تو وہ کسی کو اس عمل سے باز نہیں رکھ سکتا۔
مزید پڑھیں: نیب کا اصل چہرہ کل بے نقاب کروں گا، شہبازشریف
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ’ہمیں معلوم ہے نوازشریف کو سچ بولنے کی قیمت ناانصافی کی صورت میں ادا کرنی پڑ رہی ہے، انہیں بلا جواز تنگ کر کے مجرم ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے‘۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ’سینیٹ انتخابات کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں، بلوچستان جیسے حساس صوبے میں 544 ووٹ لینے والے کو گھر بھیج کر حکومت کو کمزور کرنے کی سازش کی گئی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم کسی سے لڑنا نہیں چاہتے، بس ووٹ کا احترام اور سیاست کرنے کا حق مانگ رہے ہیں کیونکہ ملک کا فیصلہ پاکستان کی عوام کو کرنا ہے اس لیے آج بھی کہہ رہا ہوں بند کمروں کی سیاست کا دور ختم ہوچکا‘۔