کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عوام سے اپیل ہے کہ عید پر گھروں میں رہیں اور سادگی سے منائیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ عید کا دن کرونا کے خلاف جنگ لڑنے والے میڈیکل عملےکے نام کرتا ہوں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سب سے اپیل ہے کہ عید کو سادگی سے منائیں، میں نے اس عید پر کپڑے نہیں سلوائے، اس موقع پر کیسے عید منا سکتا ہوں؟ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عید سادگی سے منانے کا اعلان کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ابھی قومی یکجہتی کا معاملہ ہے، وقت آنے پر نام بتاؤں گا کہ کرونا کی وبا میں کون جانوں سے کھیلتا رہا، بڑے بڑے نام شامل ہیں اور حقیقت بتانا اور لوگوں کو آگاہ کرنا ہم پر فرض ہے۔
مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کے دوران خدشہ ثاہر کیا کہ 14روز بعد کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھے گی۔
کرونا وائرس سے 24 گھنٹے میں مزید 32 اموات
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا وائرس سے 32 افراد کی اموات کے بعد ملک بھر میں مجموعی اموات کی تعداد 1 ہزار 17 تک جا پہنچی، ملک میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بھی 48 ہزار 91 ہوگئی ہے۔