پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے آصفہ بھٹو زرداری کی سیاست میں لانچنگ موخر کردی گئی ہے۔ فی الحال وہ انتخاب نہیں لڑیں گی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹور زرداری کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو کی سیاست میں لانچنگ کو موخر کردیا گیا ہے۔ آصفہ بھٹوزرداری قومی و صوبائی اسمبلی کی نشست پرانتخاب نہیں لڑیں گی۔
آصفہ بھٹو نے کسی بھی حلقے سے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔ آصفہ کا نام پی پی کی جانب سے مخصوص نشستوں کی فہرست میں بھی نہیں ہے۔
پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کئی حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ بلاول کی کامیابی کے بعد آصفہ بھٹوکی انتخابی سیاست میں انٹری کا فیصلہ ہوگا۔
واضح رہے کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے 8 فروری 2024 کا الیکشن لڑنے کے لیے اپنی والدہ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے روایتی حلقے این اے 196 لاڑکانہ کا انتخاب کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری آج لاڑکانہ پہنچ رہے ہیں جہاں وہ عام انتخابات کے سلسلے میں دو قومی حلقوں پر اپنے کاغذات نامزدگی فارم جمع کروائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس بار انتخابات میں اترنے کے لیے لاڑکانہ اور قمبر شہدادکوٹ کا انتخاب کیا ہے۔ وہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 194 اور اپنی والدہ بینظیر بھٹو کے روایتی انتخابی حلقے این اے 196 سے فارم جمع کرائیں گے۔