کوئٹہ: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کا کہنا ہے کہ عدالت آزادی سے اپنا کام کرتی رہے گی، عوام کے حقوق غصب نہیں ہونے دیں گے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے مسئلے جلد حل کرنے کی کوشش کریں گے، کورونا کی وجہ سے کچھ کام سست ہوا، کوشش ہے بلوچستان کے کیسز کو جلد نمٹایا جائے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ویڈیو لنک سے کیسز کو سنتے ہیں، سپریم کورٹ عوام کے بنیادی حقوق کی محافظ ہے، عوام کے حقوق غصب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بار اور بینچ کو ایک ہی سمجھتے ہیں، بلوچستان کے آئینی حقوق ہمیشہ عزیز ہیں۔
مزید پڑھیں: ہرقسم کے حالات میں قانون کی بالادستی اور انصاف فراہم کیا جائے گا ، چیف جسٹس
واضح رہے کہ چند روز قبل چیف جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ انصاف معاشرےکا نہیں اسلام اورقرآن پاک کا بھی بنیادی اصول ہے، قانون کی نظر میں امیر غریب، طاقتور اور کمزور سب برابر ہیں ، ججز کے آزاد اور دباؤ میں نہ ہونے پر ہی بنیادی حقوق کا تحفظ ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی آزادی پر کوئی بھی اثرانداز نہیں ہوسکتا، ہر جج نے ایمانداری اور بلا خوف وخطرانصاف کا حلف اٹھا رکھا ہے۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ نئی عدالتی سال کی تقریب کارکردگی جانچنے کا موقع دیتی ہے، ججزکی خود مختاری کے بغیر عوام کو انصاف کی فراہمی ممکن نہیں۔