منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

سال 2023 میں شادی کرنے والی معروف شخصیات

اشتہار

حیرت انگیز

شادی سے نئی زندگی کا آغاز ہر ایک شخص کی زندگی میں بہت خاص اور خوشیوں بھرا لمحہ ہوتا ہے۔ اس سے پہلے کہ سال 2023 ماضی کا قصہ بن جائے، ہم اُن معروف شخصیات پر نظر ڈالتے ہیں جنہوں نے ہم سفر کا انتخاب کر کے نئی زندگی کا آغاز کیا۔

شان مسعود

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بلے باز شان مسعود کے سر 22 جنوری کو سہرا سجا، انہوں نے اپنی دوست نیشے خان سے شادی کی۔ زندگی کے یادگار دن پر دلہے نے سفید رنگ کی شیروانی جبکہ دلہن نے سنہری رنگ کا عروسی لباس زیب تن کیا تھا۔ شان مسعود کے باراتیوں میں بابر اعظم، مصباح الحق، امام الحق سمیت دیگر کرکٹرز شامل تھے جنہوں نے جوڑے کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا تھا۔

- Advertisement -

شان مسعود شادی

کیارا ایڈوانی

بالی وڈ کی نامور اداکار جوڑی کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا نے 7 فروری کے دن شادی کی تھی۔ جوڑے کی شادی کی 4 روزہ تقریبات میں فلم انڈسٹری سے لے کر سیاست اور نامی گرامی کاروباری شخصیات نے شرکت کی تھی۔ مہمانوں کیلیے فائیو اسٹار ہوٹل میں انتظامات کیے گئے تھے۔

کیارا ایڈوانی شادی

حرا خان

اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ”میرے ہم سفر“ میں ”رومی“ نامی لڑکی کا کردار نبھانے والی حرا خان نے 11 فروری کے دن ارسلان خان سے شادی کی تھی۔ شادی کی تقریبات میں جوڑے نے خوب ہلا گلا کیا تھا۔ ارسلان خان ایک ماڈل ہیں جنہیں حرا خان نے پروپوز کیا تھا۔

حرا خان شادی

اشنا شاہ

نامور پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے 26 فروری کے دن اپنے دوست حمزہ امین کے ساتھ زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا تھا۔ حمزہ امین ایتھلیٹ ہیں اور گالف کے کھیل سے وابستہ ہیں۔ جوڑے کی شادی کی تقریبات ایک ہفتہ جاری رہیں جن میں شوبز کے کئی چمکتے ستاروں نے شرکت کی تھی۔

اشنا شاہ شادی

کومل رضوی

جہاں بہت سی نامور شخصیات نے نئے سفر کی شروعات کی وہیں کومل رضوی نے دوسری شادی کر کے زندگی کو آگے بڑھایا۔ گلوکارہ نے 21 اپریل کو امریکا میں مقیم ایس علی اُپل نامی بزنس مین سے شادی کی تھی۔ کومل رضوی نے شادی کی تقریب کی تصاویر انسٹاگرام پر پوسٹ کر کے مداحوں کو سرپرائز دیا تھا۔

کومل رضوی شادی

فاطمہ بھٹو

پاکستان کے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پوتی فاطمہ بھٹو نے 28 اپریل کو امریکی شہری گراھم بیرا (جبران) سے شادی کی تھی۔ لکھاری و سماجی کارکن نے ملک کے موجودہ معاشی حالات کے پیشِ نظر تقریب کا انعقاد انتہائی سادگی سے کیا تھا۔ بعدازاں، فاطمہ بھٹو نے تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کی تھیں۔

فاطمہ بھٹو شادی

مدیحہ امام

پاکستانی اداکارہ مدیحہ امام نے 3 مئی کو شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کر کے مداحوں کو سرپرائز دیا تھا۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں بھارتی فلم ساز موجی بصر سے شادی کی تھی جبکہ اس کے تقریباً 6 ماہ بعد جوڑے کے ولیمے کی تقریب ریاست ارونا چل پردیش میں منعقد کی گئی تھی۔

مدیحہ امام شادی

اشیش ودیارتھی

بالی وڈ فلموں میں منفی کرداروں کیلیے مشہور اداکار اشیش ودیارتھی نے 25 مئی کے روز مداحوں کو سرپرائز دیا تھا۔ 60 سالہ اشیش ودیارتھی نے کولکتہ سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ فیشن ڈیزائنر روپالی براو سے شادی کی تھی۔ اداکار کا کہنا تھا کہ میری زندگی کے اس مرحلے پر روپالی براؤ سے شادی کرنا ایک غیر معمولی احساس ہے۔

اشیش ودیارتھی شادی

شاہین شاہ آفریدی

پاکستانی کرکٹر ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 20 ستمبر کو قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی بیٹی انشا سے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے تھے۔ شادی کی تقریب کراچی میں منعقد کی گئی تھی جس میں سعید انور، مصباح الحق، سہیل خان، تنویر احمد، بابر اعظم و دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔ جوڑے کا رواں سال فروری میں نکاح ہوا تھا۔

شاہین شاہ آفریدی شادی

پرینیتی چوپڑا

بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا بھی رواں سال 24 ستمبر کو رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئی تھیں۔ انہوں نے ہم سفر کیلیے بھارت کی سیاسی جماعت عام آدمی پارٹی کے رہنما راگھو چڈھا کو چُنا تھا۔ جوڑے کی شادی کی تقریبات ریاست راجستھان کے تاریخی مقام پر جاری رہی جن میں خاص مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ ایک تقریب میں پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کو بھی دیکھا گیا تھا۔

پرینیتی چوپڑا شادی

ماہرہ خان

پاکستان اور بھارت میں یکساں مقبول اداکارہ ماہرہ خان نے بھی مداحوں کو سرپرائز دیا تھا۔ 2 اکتوبر کے دن اچانک سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کی دوسری شادی کی تصاویر اور ویڈیوز گردش کرنے لگی تھیں۔ انہوں نے سیاحتی مقام مری میں اپنے دوست اور کاروباری شخصیت سلیم کریم سے نکاح کیا تھا۔ ماہرہ خان کی اس سے قبل 2007 میں علی عسکری سے پہلی شادی ہوئی تھی تاہم جوڑے کے درمیان 2015 میں علیحدگی ہوگئی تھی۔

ماہرہ خان شادی

کرن اشفاق

معروف پاکستانی اداکار عمران اشرف کی سابق اہلیہ کرن اشفاق نے 3 دسمبر کے روز پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے بزنس مین حمزہ علی چوہدری سے دوسری شادی کی تھی۔ زندگی کے اہم فیصلے سے متعلق انہوں نے لوگوں کو سرپرائز دیا تھا۔ عمران اشرف اور کرن اشفاق نے 2018 میں شادی کرنے کے بعد 2022 میں علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ جوڑا کا ایک بیٹا بھی ہے۔

کرن اشفاق شادی

Comments

اہم ترین

یاسین صدیق
یاسین صدیق
یاسین صدیق اے آر وائی نیوز ڈیجیٹل سے منسلک صحافی ہیں۔

مزید خبریں