اتوار, جون 16, 2024
اشتہار

پرویز الٰہی نے اڈیالہ جیل سے اہم پیغام جاری کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور صدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پرویز الٰہی نے اپنے وکیل کے توسط سے اہم پیغام جاری کر دیا۔

جیل میں پرویز الٰہی سے وکیل سردار عبدالرازق خان نے ملاقات کی۔ اس دوران مقدمات اور قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ صدر پی ٹی آئی نے وکیل کو جیل میں سلوک اور سختیوں سے آگاہ کیا۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ چار ماہ سے مسلسل سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن اوچھے ہتھکنڈے مجھے اپنے سیاسی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے مقدمات کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا۔

- Advertisement -

وکیل سردار عبدالرازق خان نے ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پرویز الٰہی کو جیل میں سہولتیں دینے کے بجائے سختیاں کی جا رہی ہیں، ان کے سیل کے آگے دیوار بنا کر روشنی اور ہوا بند کردی گئی۔

سردار عبدالرازق خان نے بتایا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو گرمی اور حبس میں رکھ کر پریشان کیا جاتا ہے، ان کو واک کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کے ساتھ ناروا سلوک کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔

خیال رہے کہ 6 ستمبر کو پرویز الٰہی نے کمرہ عدالت میں صحافی کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا تھا کہ میرا پریس کانفرنس کرنے کا بالکل بھی ارادہ نہیں ہے۔

کیپٹل پولیس نے تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمے میں صدر پی ٹی آئی کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا تھا جہاں انہوں نے کمرہ عدالت میں میڈیا نمائندگان سے غیر رسمی گفتگو کی۔

صحافی نے سوال کیا تھا کہ پرویز الٰہی صاحب، آپ اپنی پارٹی میں واپس کیوں نہیں جا رہے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے چوہدری شجاعت نے خود پی ٹی آئی میں بھیجا ہے۔

پرویز الٰہی سے سوال کیا گیا تھا کہ پھر چوہدری شجاعت خود پی ٹی آئی میں کیوں نہیں آئے؟ انہوں نے جواب میں کہا کہ وہ اپنے بیٹے سالک حسین کی وجہ سے نہیں آئے کیونکہ اُس کو وزیر بننے کا شوق تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں