نوشہرہ: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ میری وجہ سے پی ٹی آئی اقتدار میں آئی تھی۔
جلسے سے خطاب میں پرویز خٹک نے کہا کہ جب پی ٹی آئی چھوڑی تو کچھ بچوں نے سوشل میڈیا پر گالیاں دیں کیونکہ ان کے لیڈر نے ان کو تمیز اور تہذیب نہیں سکھائی، لیڈر وہ ہوتا ہے جو کارکنوں کو تمیز و تہذیب سکھائے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ جو کہتے تھے کہ پرویز خٹک اکیلا ہے آج وہ خود اکیلے ہیں، سابق وزیر اعظم غرور کرتا ہے اور غرور اللہ کو پسند نہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کا صفایا نہ کیا تو نام بدل دینا، پارٹی کی جتنی خدمت میں نے کی اور کوئی نہیں کر سکتا، 2013 میں پی ٹی آئی میرے لوگوں کی وجہ سے کامیاب ہوئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو غلط فہمی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نیا پاکستان بنائے گا، اس نے میرے جیسے بندے کو بھی بے وقوف بنایا، مجھے یقین ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام ہمارے ساتھ ہوں گے۔
اس سے قبل پرویز خٹک نے سابق وزیر اعظم کی توشہ خانہ کیس میں گرفتاری پر کہا تھا کہ عدالت کا فیصلہ واضح کرتا ہے کہ ہماری عدالتیں آزاد ہیں، فیصلے آئین و قانون کو سامنے رکھ کر کیے جاتے ہیں۔ انہون نے کہا تھا کہ کرپشن، چوری اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف قانون ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا تھا کہ قانون کے مطابق فیصلے کرنے کا اختیار عدالتوں کو حاصل ہے، ہمارا شروع دن سے مؤقف تھا کہ ہر مسئلے کا حل بات چیت سے ممکن ہے، ضد، انا اور اقتدار کی بھوک آج ان کو اس مقام پر لے آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اچھی بھلی پارٹی تھی جس کو بنانے میں ہمیں برسوں لگے، حوس اقتدار میں محض ایک سال کے اندر پارٹی کے ٹکڑے کر دیے گئے، جس جس نے ان پر احسان کیا ان ہی کو رسوا کیا، جس جس نے وزیر اعظم بننے میں مدد کی ان ہی کو رسوا کیا۔