جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

نواز شریف ناکام سیاست دان ہیں لوگوں کو دھوکا دے رہے ہیں، پرویز مشرف

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ابھی بھی نواز شریف کے حکم پر چل رہی ہے، نواز شریف ناکام سیاست دان ہیں لوگوں کو دھوکا دے رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  اےپی ایم ایل کےسینٹرل ورکنگ کمیٹی کےاجلاس سےخطاب کرتے ہوئے کیا، پرویز مشرف نے کہا کہ حکومتی ادارے بھی نواز شریف کے حکم پر چل رہے ہیں، نواز شریف کو ان کی حالت پر چھوڑ دو، ان کے حوالے سے کیا بات کریں۔

سابق صدر نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرے لگانے والے خود ووٹ کو عزت نہیں دیتے، 1999 میں حالات بہت خراب تھے، مارشل لاء نہیں لگانا چاہتا تھا، نواز شریف نے طیارہ سازش کرکے میرے لیے راہ ہموار کی، نواز شریف جھوٹا ہے اس کی بات میں سچائی نہیں ہے۔

- Advertisement -

پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستان واپسی کے لیے کچھ عرصہ پہلے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے درخواست دی، وزارت داخلہ کے احکامات پر تین ماہ تک پاسپورٹ کی تجدید نہیں کی گئی، پاسپورٹ کی تجدید کرانا بطور شہری میرا بنیادی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے چاروں صوبوں سے الیکشن لڑنے دیا جاتا تو جیت جاتا، میرے اوپر الزامات لگے لیکن کسی کیس میں سزا نہیں ہوئی، 2013 کی مصیبت میں خود چھلانگ لگائی اور پاکستان آیا، جو کچھ کیا عوام کے لیے کیا، کبھی کوئی کرپشن نہیں کی، مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: ایک لیکچر کے ایک لاکھ 45 ہزار ڈالر ملتے ہیں، پرویز مشرف

سابق صدر کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر، پولیس، تھانہ کچہری سب نواز شریف کے زیر اثر ہیں، وزیر داخلہ احسن اقبال نواز شریف کے اشارے پر میرے خلاف بول رہے ہیں، جب یہ پکے چلے جائیں گے تب میں پاکستان آنے میں آسانی محسوس کروں گا، ن لیگ کے عزائم خطرناک ہیں عدلیہ اور فوج سے تصادم چاہتی ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں