پشاور: دوران پور قرنطینہ میں 150 مریض صحت یاب ہوگئے ، تیمورسلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ قرنطینہ مراکز میں بہترین سہولتوں کے مثبت نتائج نکل رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پشاور مین انچارج دوران پور قرنطینہ تاشفین احمد نے 150 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کردی اور کہا صحت یاب افرادگھروں کوروانہ کردیےگئے ہیں۔
وزیرصحت کےپی تیمورسلیم جھگڑا نے کہا کہ قرنطینہ مراکز میں بہترین سہولتوں کے مثبت نتائج نکل رہے ہیں، ٹیسٹنگ صلاحیت بڑھائیں گے۔
تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ طبی عملے کو تمام حفاظتی سامان دیں گے،احساس پروگرام سے امدادی رقوم کل سے شروع ہورہی ہے، لوگ تعاون کریں گےتو تیزی سے بہتری آئےگی، پیسوں کی کوئی کمی نہیں۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ کےپی محمودخان کا کہنا تھاکہ مراعات کسی ایک ضلع کو نہیں پورےخیبرپختونخواکودی جائے گی،انصاف کی حکومت ہے، سب کےساتھ انصاف ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کومکمل طبی اورحفاظتی سامان مہیا کیاجائےگا،محکمہ صحت کوآٹھ ارب کا پیکج دےدیاہے۔
یاد رہے چند روز قبل مردان کی یوسی منگا میں 109 مشتبہ افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ لیے گئے تھے اس حوالے سے خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ یوسی منگا سے لیے گئے تمام 109افراد کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔
خیال رہے کہ مردان یوسی منگا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد صوبے میں سب سے زیادہ ہے، 79 افراد میں وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد علاقے کو مکمل لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا۔