اتوار, فروری 9, 2025
اشتہار

پشاور پولیس کی کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کی قدیم مورتی برآمد

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: خیبر پختونخواہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سینکڑوں سال قدیم مجسمے کی اسمگلنگ ناکام بنادی، ایک ملزم بھی گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی گزشتہ روز کے پی پولیس نے پشاور ٹول پلازہ پر لگے ناکے کے دوران کی، کارروائی میں کروڑوں روپے مالیت کے نوادرات ملزمان کے قبضے سے بازیاب کیے گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی میں ایک ملزم کوبھی حراست میں لیا گیا ہے، جبکہ اس سے تفتیش کرکے نوادرات چرانے والے پورے گروہ کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے گا۔

محکمہ آثارِ قدیمہ پشاور کے مطابق یہ نوادرات جن میں سب سے زیادہ اہمیت کی حامل مورتی ہے، بٹ خیلہ سے چرائے گئے تھے اور انہیں ملک سے باہر اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔

برآمد کی گئی مورتی

محکمہ آثارِ قدیمہ نے یہ بھی بتایا کہ کہ یہ مورتی 800 سال قدیم ہے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کی قیمت کروڑوں روپے میں بنتی ہے۔

اس سے قبل سنہ 2016 میں بھی پشاور پولیس نے بیرونِ ملک قیمتی نوادرات سمگل کرنے والے دو ملزمان کو گرفتارکرلیا تھا ، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں سینکڑوں سال پرانے نوادرات بھی برآمد کیے گئے تھے۔

پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے ان نوادارات میں انیس سو بارہ کے برتن اورسات سو سال پرانی دیگراشیا شامل تھیں۔

یاد رہے کہ ماضی میں بھی نوادرات کی چوری اور اسمگلنگ کے واقعات پیش آتے رہے ہیں ، نومبر 2017 میں ٹیکسلا کی سائٹ ’سرکپ‘ میں واقع اطلس مندر کے مشرقی حصے کی رہائشی عمارت کی باقیات سے گھاس ہٹانے کے دوران کچھ مزدوروں کو بالیاں، چوڑیاں، نِکل اور دیگر چھوٹے سونے کے زیورات ملے تھے ،جنہیں بعد ازاں غائب کردیا گیا تھا۔

تاریخی ورثہ کا یوں چوری ہوجانا غفلت اور لاپرواہی کی مثال ہی نہیں ہے بلکہ یہ عالمی سطح پر ہماری بدنامی کا باعث بھی ہے چناچہ اس قبیح عمل کی مکمل تحقیقات کر کے ملزمان کو سخت سے سخت سزا دینا بے حد ضروری ہے۔

اہم ترین

مزید خبریں