اسلام آباد : سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہاگیا ہے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اے ٹی آر طیارے گراؤنڈ کر دیے تھے تا ہم سیاسی دباؤ پر ان طیاروں کے پرواز پر لگی پابندی کو ہٹا کر دوبارہ فنکشنل کیا گیا ہے،عدالت عالیہ نوٹس لے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں پی آئی اے کی جانب سے اے ٹی آر طیاروں کو پرواز کے لیے استعمال کرنے کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے وکیل بابراعوان نے موقف اختیار کیا ہے کہ مئی 2016 میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نےاے ٹی آر طیاروں کو نا قابل پرواز قرار دے کر گراؤنڈ کردیئےتھے تا ہم سیاسی دباؤ پر دوبارہ ان طیاروں کو پرواز کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
درخواست گذار نے عدالت عالیہ سےاستدعا کی ہےکہ پی آئی اے سے پیسنجر سیفٹی کا ریکارڈ، اے ٹی آر اور اے 320 طیاروں کی خریداری کےمعاہدوں کی کاپی سمیت اسپیئر پارٹس کی بروقت فراہمی سے متعلق ریکارڈ طلب کر کے باز پرس کی جائے۔
واضح رہے اے ٹی آر طیاروں کی مستقل مسافر اور رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ بتاتی ہیں کہ اکثر اے آر ٹی طیاروں میں سیفٹی کےمعیارات کا خیال نہیں رکھا جاتا ہے اور اس کے حوالے سے شکایات عام ہیں۔