اسلام آباد: امریکی سفارت کار کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہونے والے شہری عتیق بیگ کے والد نے عدالت میں درخواست دائر کردی۔ درخواست میں کرنل جوزف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی استدعا کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 3 روز قبل امریکی سفارت کار کی گاڑی سے کچلے جانے والے شہری عتیق بیگ کے والد محمد ادریس نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت امریکی سفارت کار کرنل جوزف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا حکم دے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ نشے سے مخمور کرنل جوزف نے میرے بیٹے عتیق بیگ کو ٹکر ماری۔ گاڑی کی ٹکر سے میرا بیٹا عتیق بیگ جاں بحق جبکہ اس کا کزن راحیل شدید زخمی ہوا۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ پولیس نے میڈیا کے دباؤ کے ڈر سے ایف آئی آر درج کی لیکن تحقیقات مکمل کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی جا رہی۔ عدالت پولیس کو شفاف تحقیقات کر کے ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم دے۔
درخواست میں کرنل جوزف، ایس ایچ او کوہسار، آئی جی اسلام آباد اور سیکریٹری داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ 8 اپریل کو عتیق کی ہلاکت اس وقت ہوئی جب مبینہ طور پر نشے میں امریکی فوجی اتاشی کرنل جوزف نے ٹریفک سگنل کو توڑتے ہوئے اس پر گاڑی چڑھادی۔
واقعے کے تھوڑی دیر بعد ایک اور گاڑی سفارتکار کو لینے پہنچ گئی۔ موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے امریکی سفارت کار کا میڈیکل کروانے کی کوشش کی تو انہوں نے یہ کہہ کر منع کردیا کہ ہم سفارت کار ہیں آپ ہمیں گرفتار نہیں کر سکتے۔
بعد ازاں دفتر خارجہ نے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو طلب کر کے واضح کیا کہ اس معاملے پر پاکستان کے قانون اور ویانا کنونشن کے مطابق عمل کیا جائے گا۔ امریکی سفیر نے ملکی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
وفاقی حکومت نے کرنل جوزف کا نام واچ لسٹ میں ڈالنے کے بعد اس کا ڈرائیونگ لائسنس بھی منسوخ کردیا ہے، قاتل اب سفارتخانے کی پناہ میں ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔