تازہ ترین

سینیٹر اعظم سواتی کیخلاف ایک سے زائد مقدمات درج کرنے کیخلاف درخواست دائر

کراچی : سندھ ہائی کورٹ میں سینیٹر اعظم سواتی کیخلاف ایک سے زائدمقدمات درج کرنے کیخلاف درخواست دائر کردی گئی ، جس میں مقدمات کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف پورے ملک میں مقدمات درج کرانے کے سلسلے کے خلاف ان کے صاحبزادے بیرسٹر عثمان نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

بیرسٹر عثمان سواتی نے والد کے خلاف مقدمات کے سلسلے میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد میں ہونیوالے ایک ہی واقعہ کے بلوچستان اور سندھ میں بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں، ان کا اندراج غیر قانونی ہے، انہیں کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا کہ جب تک مقدمات کالعدم قرار دینے کی عدالتی کارروائی جاری ہے اس وقت تک ان مقدمات کا آپریشن معطل کیا جائے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فریقین کو مزید مقدمات درج کرنے سے روکا جائے۔

بیرسٹر عثمان سواتی نے کہا کہ اسلام آباد کے بعد بلوچستان اور سندھ میں بھی مقدمات درج کیے گئے، ہمارے علم میں ابھی تک 6مقدمات ہیں، مزید کی اطلاعات ہیں، جو مقدمات ہیں ان پر کارروائی معطل کی جائے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اعظم سواتی پر جو الزام لگایا گیا وہ واقعہ پنجاب کا ہے ، پنجاب میں ہونے والے واقعہ کا مقدمہ سندھ میں درج نہیں ہوسکتا، سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق ایک ہی واقعہ کے کئی مقدمات نہیں ہوسکتے۔

Comments

- Advertisement -