پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

پنجاب میں رینجرز کی طلبی کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: نیشنل ایکشن پلان پر مکمل طور پر عملدر آمد نہ کرنے اور پنجاب میں رینجرز طلب نہ کرنے کے خلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق جوڈیشل ایکٹو ازم پینل کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد نہیں کر رہی جس کی وجہ سے لاہور دھماکے جیسے سانحات ہو رہے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متفقہ طور پر بنایا گیا مگر پنجاب حکومت اس پر عمل نہیں کر رہی جو آئین کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست گزار کے مطابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ اور دیگر وزرا کی تمام تر توجہ پاناما کیس پر مرکوز ہے اور عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی جانے والی درخواست میں درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت حکومت کو نیشنل ایکشن پلان پر مکمل درآمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے پنجاب میں رینجرز طلب کرنے کے احکامات جاری کرے تاکہ پنجاب کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

یاد رہے کہ یہ درخواست ایسے وقت میں دائر کی گئی ہے جب ایک روز قبل ہی لاہور میں فیروز پور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب خودکش دھماکہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: ارفع کریم ٹاور کے قریب دھماکہ، 28 افراد ہلاک

دھماکے میں 9 پولیس اہلکاروں سمیت 28 افراد جاں بحق اور 53 زخمی ہوگئے ہیں۔


اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں