تازہ ترین

وقت اور پیسے کا ضیاع ، ‘ٹک ٹاک’ بند کرنے کے لیے درخواست دائر

لاہور : سوشل میڈیا ایپ ‘ٹک ٹاک’  بند کرنے کے لیے درخواست دائر کردی گئی ، جس میں کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک سے وقت اور پیسےکے ضیاع کیساتھ فحاشی عام ہو رہی ہے، عدالت پابندی عائد کرے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں ٹک ٹاک پر پابندی کیلئے درخواست دائر کردی گئی ، درخواست مقامی وکیل ندیم سرور نے درخواست دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ٹک ٹاک نوجوان نسل کے لیے تباہ کن ہے. اس سے وقت اور پیسےکے ضیاع کیساتھ فحاشی عام ہو رہی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ ٹک ٹاک سے بلیک میلنگ اور ہراسگی کا عنصر بڑھ رہا ہے، ٹک ٹاک پر پابندی عائد نہ کی گئی تو یہ پاکستانی معاشرے کے لیے زہر قاتل ثابت ہو گا ،اس لیے عدالت پی ٹی اے کو ٹک ٹاک پر پابندی لگانے کا حکم دیا جائے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کیس کے حتمی فیصلے تک ٹک ٹاک ویڈیو کو آپ لوڈ کرنے پر پابندی عائد کی جائے۔

یاد رہے گذشتہ روز ہائیکورٹ ملتان بنچ میں بھی سوشل میڈیا ایپ ‘ٹک ٹاک’ کو بند کرنے کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی، پٹشنر شہباز احمد نے ایڈووکیٹس عمیر رزاق بھٹی اور فیصل اقبال کے ذریعے درخواست دائر کی۔

جس میں کہا گیا تھا کہ سوشل میڈیا ویب سائٹ ‘ٹک ٹاک’آئین پاکستان کی اسلامک دفعات، بنیادی انسانی حقوق، رازداری کی خلاف ورزی، ویب سائٹ اسلامی ضابطہ حیات کی بھی خلاف ورزی ہے جبکہ ٹک ٹاک نوجوان لڑکیوں کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز وائرل کرنے کا بھی باعث بن رہا ہے۔

جسٹس امیر بھٹی نے درخواست پر چیئرمین پیمرا اور چیئرمین پی ٹی اے سے تین ہفتے میں جواب طلب کرلیا تھا۔

Comments

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں