پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے بعد اس کا براہ راست فائدہ عوام تک پہنچانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں قیمتوں میں کمی کے لیے 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ صوبے میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10 فیصد تک کمی لانےکا ٹاسک دیا گیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے ٹرانسپورٹ کرائے کم کیے جائیں گے۔
اس حوالے سے نگراں وزیر اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو ٹرانسپورٹرز کے ساتھ فوری میٹنگ کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ وزیر صنعت و زراعت ایس ایم تنویر گھی، فلور و دیگر ایسوسی ایشنز کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔
سیکریٹری زراعت، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو روزمرہ اشیا کی قیمتوں میں کمی لانے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ چیف سیکریٹری روزانہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرزسے میٹنگ کرکے اقدامات کا جائزہ لیں گے۔
پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کی جانب سے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کردار ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست عوام کو منتقل کرکے ریلیف دیا جائے گا۔