پشاور: وزیرِ دفاع اور سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے پشاور میٹرو بس کے حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبرپختون خوا محمود خان کی انسپیکشن ٹیم کی رپورٹ مسترد کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پرویز خٹک نے وزیر اعلیٰ محمود خان کی انسپیکشن ٹیم کی رپورٹ مسترد کر دی، کہا انسپکشن ٹیم جو کہہ رہی ہے کہنے دیں یہ ثابت کرنا ہوگا کہ بی آر ٹی منصوبے کی لاگت میں 25 فی صد اضافہ کہاں ہوا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویزخٹک نے کہا کہ یہ رپورٹ کہاں سے آ گئی، پتا نہیں کیسے 25 فی صد اضافے کی بات کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ انسپکشن ٹیم کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پشاور میٹرو منصوبے میں نا اہلی اور ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے قوم کے اربوں روپے ضایع ہوئے اور منصوبے کی لاگت بڑھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور بی آر ٹی منصوبے میں تکنیکی غلطیاں، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی سفارش
یاد رہے کہ پشاور بس ریپد ٹرانزٹ منصوبے میں تکنیکی غلطیوں کے انکشاف کے بعد وزیر اعلیٰ کو بھیجی گئی تحقیقاتی رپورٹ میں منصوبے میں کوتاہی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بی آر ٹی منصوبے کے نقشے اور تعمیراتی کام میں تکنیکی غلطیاں موجود ہیں، جلد بازی اور نا مناسب منصوبہ بندی سے منصوبہ مسائل کا شکار ہو گیا ہے، لاگت میں اضافہ بھی ڈیزائن کی تبدیلی سے ہوا۔