اسلام آباد : فارماسوٹیکل انڈسٹری کی برآمدات ملکی تاریخ کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں ، گزشتہ مالی سال 2022-23 میں فارماانڈسٹری کی برآمدات 71 کروڑ تیس لاکھ ڈالرزرہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک سال میں فارما انڈسٹری کی برآمدات کی نئی تاریخ رقم ہوگئی ، 2022-23 میں فارما انڈسٹری نے ریکارڈ 713 ملین ڈالرز برآمدات کیں، سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عاصم روف نے اے آر وائی نیوز کی خبر کی تصدیق کردی۔
ذرائع نے بتایا کہ ، فارما انڈسٹری کی برآمدات میں ریکارڈ 98.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا، گزشتہ مالی سال میں سرجیکل اورمیڈیکل آلات کی برآمدات میں 6.03 فیصد جبکہ فارما پراڈکٹس کی برآمدات میں 25.16 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔
ایک سال کے دوران فارما انڈسٹری نے 40 کروڑ 70 لاکھ ملین ڈالرزکےسرجیکل اورمیڈیکل آلات جبکہ 30 کروڑ 60 لاکھ ملین ڈالرکی ادویات برآمد کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق سال 2022-23 میں فارما ایکسپورٹ کی مقدار میں 25 ہزار 910 میٹرک ٹن اضافہ ریکارڈ کیاگیا، گذشتہ ایک سال کے دوران فارما انڈسٹری نے 51ہزار 964 میٹرک ٹن ادویات اور طبی آلات برآمد کئے جبکہ گزشتہ مالی سال کےد وران فارما انڈسٹری نے 26ہزار 54 میٹرک ٹن ادویات اور طبی آلات برآمد کئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال 2023-24 میں ملکی فارما انڈسٹری کی برآمدات کا ہدف ایک ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ برآمدات میں نمایاں اضافہ ملکی فارما انڈسٹری کو مراعات دینے کے باعث ہوا ہے، کورونا وبا کے دوران پاکستانی طبی آلات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا تھا کیونکہ ڈریپ کی جانب سے کورونا وبا کے دوران میڈیکل ڈیوائسز بنانے والی کمپنیوں کو خصوصی مراعات فراہم کی گئی تھیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کورونا وبا کے دوران پاکستان میں لوکل وینٹیلیٹرز کی تیاری کا آغاز ہوا تھا اور ڈریپ کی جانب سے کورونا وبا میں 50 ہزار ڈالر کی برآمدات کرنے والی فارما کمپنی کی ہنگامی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی تھی ۔
اس کے علاوہ 2022-23 میں فارما انڈسٹری کیلئے پاکستان انٹیگریٹڈ ریگولیٹری سسٹم لانچ کیا گیا جبکہ آن لائن ایپلیکیشن اور فیس جمع کرانے کی سہولت سمیت فارما انڈسٹری کیلئے آن لائن امپورٹ ایکسپورٹ سسٹم کا آغاز کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ڈریپ اقدامات کے باعث 2022-23 میں پاکستانی فارما کمپنیز نے انٹرنیشنل ایکریڈیشن حاصل کی تھی ، جبکہ 2022-23 میں ڈبلیو ایچ او کی جانب سے آٹھ پاکستانی فارما کمپنیوں کو عالمی معیار کی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر گڈ مینوفیکچرنگ سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا تھا۔