لاہور : پاکستان ہاکی فیڈریشن نے لاک ڈاؤن کے دوران کھلاڑیوں کی فٹنس برقرار رکھنے کیلئے کام شروع کردیا ہے، تین ہفتوں کے فزیکل ٹریننگ پلان کے بعد اب ممکنہ اڑتالیس کھلاڑیوں کے ٹیسٹ ویڈیو کے ذریعے لیے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا سلسلہ جاری ہے، تین روزہ ٹیسٹ کے پہلے دن ہی پندرہ کھلاڑیوں نے فٹنس ٹیسٹ دیئے جن میں سے چار کھلاڑیوں نے بیرون ملک رہتے ہوئے ویڈیوز ریکارڈ کرکے بھیج دی ہیں۔
پی ایچ ایف نے ہدایت کی ہے کہ کھلاڑیوں کو پلان کے مطابق پانچ مختلف ورزش کو چالیس سیکنڈ فی ورزش کرتے ہوئے ویڈیو بنانی پڑیں گی،گزشتہ ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی کارڈیو ویسکولر اینڈورنس اور مسل اسٹرینتھ کو مانیٹر کیا جائے گا۔
پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کے مطابق فٹنس ٹیسٹ کیلئے ان کھلاڑیوں کو پلان جاری کیا گیا ہے جو اذالان شاہ کپ کے تربیتی کیمپ میں شامل تھے۔ لاک ڈاؤن کی صورتحال میں جب کوئی گھر سے باہر نہیں نکل سکتا۔
ایسے وقت میں کھلاڑیوں کو کمزور پڑنے نہیں دیا جائے گا۔ اس دوران فٹنس کی بہتری کیلئے کھلاڑیوں کو جنک فوڑ کھانے کی اجازت نہیں ہوگی اگر کوئی چیٹنگ بھی کرے گا تو اس کا وزن ویڈیو لنک کے ذریعے جانچا جائے گا، کھلاڑی گھر میں رہتے ہوئے ڈرلز سمیت دیگر اسکلز ٹریننگ کرسکتے ہیں۔