کیا آپ کچھ ایسا کرنا چاہتے ہیں جس سے آپ کو چوٹ لگنے کا کم خطرہ ہو، آپ کی چال ڈھال میں سدھار آئے اور آپ کی زندگی میں بہتری واضح ہو؟ جی ہاں اس کا ایک بہت آسان طریقہ ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں ایکسیڈنٹ کے بعد سب سے زیادہ لوگ حادثاتی طور پر گرنے کی وجہ سے ہلاک ہوتے ہیں، ماضی کے مقابلے اب ہم انسانوں کی جسمانی توازن قائم کرنے صلاحیت کم ہو گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں معروف یوگی سید منور حسن نے اس حوالے سے ناظرین کو آگاہی دی، انہوں نے بتایا کہ یوگا ہر عمر کے افراد کیلئے بہترین ورزش ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سب سے پہلے تو آپ اسٹاپ واچ آن کیجیے اور صرف تیس سیکنڈ کے لیے ایک پیر پر کھڑے ہو جائیے، اس کے بعد اب دوسرے پیر کے ساتھ بھی ایسا ہی کریں۔
آپ دیکھیں گے کہ آپ آہستہ آہستہ اپنا توازن قائم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ایسا کرتے رہنے سے آپ کی چال میں تبدیلی نظر آئے گی اور گرنے کے امکان بھی کم ہو جائیں گے۔
ایک ٹانگ پر کھڑے ہونے کے فوائد بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس عمل سے نہ صرف ہمارے جسم کا بیلنس بہتر ہوتا ہے بلکہ دماغ پر بھی اس کے اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک پیر پر کھڑے ہونا بہت اچھی اور فائدہ مند ورزش ہے، اس کا آغاز دس سیکنڈ سے بھی کرسکتے ہیں، اور چیئر پوز یعنی کرسی کی طرح بیٹھنا بھی بہت فائدہ مند ہے۔