کراچی : قومی ایئرلائن ( پی آئی اے) کی جانب سے قبل از حج آپریشن کا اعلان کردیا گیا، آپریشن 29 اپریل سے یکم جون تک جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے حج آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلیں ، قبل از حج آپریشن 29 اپریل سے یکم جون تک جاری رہے گا۔
اس دوران قومی ایئرلائن مجموعی طور 56 ہزار سے زائد عازمین حج کو 280 پروازوں سےحجازمقدس پہنچائے گی۔
قومی ایئرلائن کا بعد از حج آپریشن 12 جون سے 10 جولائی تک جاری رہےگا ، حج آپریشن میں بوئنگ 777 اور ائیر بس 320 طیارے آپریٹ کرے گا۔
ذرائع کے مطابق رواں سال 20 ہزار عازمین سرکاری حج اسکیم کے تحت جب کہ 36 ہزار پرائیویٹ اسکیم کے تحت پی آئی اے کی پروازوں سے سفر کریں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام پروازیں وقت پر اور محفوظ طریقے سے مکمل کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور عازمین حج کو کسی بھی زحمت سے بچانے کے پیش نظر ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔