کراچی: کوویڈ سے متاثرہ معیشت کو فروغ دینے اور برآمدات بڑھانے کی حکومتی ہدایات کے پیش نظر قومی ایئر لائن نے اہم فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے سعودیہ عرب کیلئے کارگو پروازیں چلانے کا اعلان کیا گیا ہے، عالمی وبا کرونا سے متاثرہ معیشت کو فروغ دینے اور برآمدات بڑھانے کی حکومتی ہدایات پر یہ آپریشن شروع کیا جارہاہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان سے پھل، سبزیاں اور حلال گوشت سعودیہ عرب کو برآمد کیا جاتا ہے، ان مصنوعات کی خرابی سے پہلے فضائی راستے سے ترسیل ضروری ہوتی ہے، تاہم کووڈ کے باعث مسافر پروازوں پر پابندی کے نتیجے برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ تھا ۔
اس سلسلے میں سی ای او پی آئی اے نے ہدایات جاری کی ہیں کہ نہایت پر کشش اور مناسب نرخ رکھے جائیں۔
گزشہ روز پی آئی اے کی پہلی پرواز پاکستان سے 42 ٹن کارگو لے کر جدہ روانہ ہوئی، اس کے علاوہ پی آئی اے نے پہلے ہی پاکستان تا چین کی بھی کارگو پروازیں شروع کر رکھی ہیں۔
واضح رہے کہ اکیس دسمبر کو برطانیہ میں مہلک وبا کرونا وائرس کی نئی قسم کے سامنے آنے کے بعد کرونا مریضوں کی تعداد میں یک دم اضافہ ہوا تھا، جس پر اپنے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بچانے کےلیے سعودی حکام نے بین الااقوامی فضائی آپریشن پر پابندی عائد کردی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پورپی کمیشن کی ویب سائٹ سے پی آئی اے کا نام خارج
ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے کےلیے سعودی عرب کے فضائی آپریشن معطل کرنے کے باعث آج سعودی عرب جانے اور آنے والی تمام پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں اور اجازت نامہ دوبارہ حاصل ہونے تک پروازیں منسوخ رہیں گی۔
خیال رہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس کی نئی لہر پھیلنے کے باعث کرونا مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافہ ہوا تھا جس کے باعث کویت، سعودی عرب، اٹلی سمیت کئی ممالک سے برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کردی تھیں۔