کراچی : پی آئی اے نے اپنے اخراجات میں کمی اور ریونیو میں اضافے کیلئے کرائے پر لی گئی عمارتوں میں قائم دفاتر خالی کرنے کا فیصلہ کیاہے، اس کے علاوہ ائرلائن کی ملکیتی عمارتوں کے اضاٖفی حصے کرائے پر دئیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے اپنے معاملات کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے اخراجات کو کم کرنے اور ملک کے مختلف شہروں میں کرائے پر لی گئی عمارتوں میں قائم دفاتر خالی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، خالی کئے جانے والے دفاتر میں مختلف شہروں کے دفاتر شامل ہیں۔
اس حوالے سے کراچی میں قائم پی آئی اے میڈیکل او پی ڈی کی عمارت خالی کی جائے گی، او پی ڈی کو ابتدائی طور پر پی آئی اے ڈائگناسٹک سینٹر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بعد ازاں اوپی ڈی کو گلستان جوہر میں ائرلائن کی ملکیتی عمارت میں منتقل کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں راولپنڈی کے میڈیکل سینٹرز بھی پی آئی اے کی ملکیتی عمارت میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اورلاہور کے میڈیکل سینٹر کو پی آئی اے کی ملکیتی عمارت میں منتقلی بھی پائپ لائن میں شامل ہے۔
کراچی میں کرائے کی عمارت میں موجود پی آئی اے انویسٹمنٹ کو بھی منتقل کیا جائے گا، سڈکو سیںٹر میں موجود ائرلائن کے ملکیتی ایک فلور کو خالی کرنے کا آغاز کردیا گیا ہے، پہلی منزل پر قائم ایڈمن اور فنانس دفاتر کی ائر لائن ہیڈ آفس منتقلی کی کارروائی جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ منیجر اور سیلز کے دفاتر کو گراؤنڈ فلور پر بکنگ آفس منتقل کیا جائےگا، منتقلی کے لئے گراؤنڈ فلور کو دو حصوں میں تقسیم کیا جائے گا، گراؤنڈ فلور پر موجود بین الا قوامی سیلز کو ڈومیسٹک کے ساتھ ایڈجسٹ کیا جائے گا۔