کراچی:پی آئی اے کی حج آپریشن کی تیاریاں نامکمل ہیں، حج آپریشن کے لیے طیاروں کی کمی کا سامنا ہے جس کے سبب آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق پی آئی اے طیاروں کی کمی کے باعث تاحال حج شیڈول تیار نہ کرسکی، پی آئی اے نے سعودی ایوی ایشن کو طیاروں کا شیڈول فراہم نہ کیا اور شیڈول نہ ملنے کی وجہ سے ایس جی ایس نے ویزوں کا اجرا نہیں کیا۔
پی آئی اے نے حج آپریشن 24 جولائی سے شروع کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم اب حج آپریشن بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اطلاعات ہیں کہ پی آئی اے کو لیز پر بوئنگ 777 طیارہ تاحال نہیں مل سکا جس کے بعد اب امکان ہے کہ حج آپریشن کے لیے یورپ جانے والی پروازوں کا شیڈول متاثر کیا جائے گا۔
مزید اطلاعات آئی ہیں کہ طیاروں کی کمی سے پی آئی اے کا اندرون ملک فلائٹ کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے، اندرون ملک کے لیے پروازوں کی روانگی اور آمد میں 2 سے 4 گھنٹے تاخیر ہورہی ہے۔
کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 372 میں 3 گھنٹے تاخیر ہوئی، کراچی سے فیصل آباد کے لیے پرواز پی کے 342 تین گھنٹے سے زائد لیٹ ہوئی۔
اسی طرح لاہور سے آنے والی پرواز پی کے 307 میں 2 گھنٹے سے زائد تاخیر ہوئی جس پر کراچی ائیرپورٹ پر مسافروں نے پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف احتجاج بھی کیا ہے۔
پی آئی اے میں پائلٹس کی بھی قلت، ایک کپتان کے ساتھ پرواز پیرس روانہ
دریں اثنا پی آئی اے میں پائلٹس کی شدید قلت ہوگئی ہے، اسلام آباد سے پیرس (میلان) پرواز نے سی اے اے قوانین نظر انداز کردیے، 2 کپتان کے بجائے ایک کپتان اور 2 فرسٹ آفیسر کے ساتھ پرواز روانہ ہوئی۔
طویل پروازوں پر ایئر نیوی گیشن حکم نامے کی خلاف ورزی کی گئی، قانون کے مطابق 2 کپتان اور ایک فرسٹ آفیسر کو جانا چاہیے۔