کراچی: قومی ائیرلائن نے آج سےاپنی چند بہترین اندرون ملک پروازوں پرمسافروں کے لیے انٹرنیٹ کی سہولت متعارف کرا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس سسٹم کو مسافر اپنے موبائل فون‘ ٹیبلٹس اور لیپ ٹاپ سے منسلک کر کے اپنی پسند کی انٹرٹینمنٹ دیکھ اور سن سکیں گے۔
شروع میں یہ سہولت کراچی سے اسلام آباد اور لاہور کے درمیان پروازوں پر حاصل ہو گی جن میں پرواز PK300, PK-301, PK302, PK 303, PK304,PK305,PK308اورُPK309 شامل ہیں۔
پہلے مرحلے میں 30گھنٹے کا انٹرٹینمنٹ دستیاب ہوگا جس میں ڈرامے‘ کامیڈی پروگرام‘ بچوں کی فلمیں‘ تلاوت ‘ ڈاکومینٹریز، حفاظتی فلمیں‘ اردو فلمیں اور گانے شامل ہیں۔
دوسرے مرحلے کےلئے کام جاری ہے جس میں ایک ایپلی کیشن کے ذریعے انگریزی فلمیں، بچوں کےلئے گیمز اور نقشہ جات شامل ہوں گے۔
اس سسٹم کو آزمائشی بنیادوں پر شروع کیا گیا ہے اور مسافروں کی جانب سے موصول ہونے والی آراء کے بعد اگلے چند ہفتوں میں اس کو دوسری پروازوں پر بھی شروع کر دیا جائے گا۔
قومی ایئر لائن نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ اس نئے سسٹم کے بارے میں ایئر لائن کو اپنی رائے سے آگاہ کریں۔
واضح رہے کہ پی آئی اے ان دنوں مالی مشکلات کا شکار ہے کچھ روز قبل ادارےکے ملازمین کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا تھا۔