کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبانوں کے کینیڈا میں سلپ ہونے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کیبن کریو کو امیگریشن اور کسٹمز کلیئرنس کے بعد پاسپورٹ جمع کرانا لازم قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فضائی میزبانوں کے کینیڈا میں سلپ ہونے کے معاملے پر پی آئی اے انتظامیہ نے نوٹس لے لیا، اس حوالے سے پی آئی اےجنرل منیجرفلائٹ سروسزعامربشیرنے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔
ہدایت نامہ میں کہا ہے کہ فضائی میزبانوں کے پاسپورٹ اسٹیشن منیجرکی تحویل میں رہیں گے، کیبن کریو کو امیگریشن اور کسٹمز کلیئرنس کے بعد پاسپورٹ جمع کرانا لازم ہوگا، پاسپورٹ پروازوں کی روانگی کے وقت چیک ان پرواپس ہو گا۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہوٹل آمد کو یقینی بنانے کیلئے جانچ پڑتال لازمی ہوگی ، کسی فضائی میزبان کی کمی پرہوٹل عملہ فوری اطلاع دےگا ، کورونا کے باعث کیبن کریوکی نقل وحرکت بھی محدود کی گئی ہیں۔
حالیہ دنوں پی آئی اے کے 2 فضائی میزبان کینیڈیا میں سلپ ہو گئے ، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کیبن عملے کے سلپ ہونے کے واقعات کے پیش نظر اقدامات کئے گئے ہیں۔
یاد رہے پی آئی اے کے دو فضائی میزبان رمضان گل اور زاہدہ بلوچ ٹورنٹو پہنچنے کے بعد مبینہ طور پر لاپتہ ہوگئے تھے ، زاہدہ بلوچ نامی ایئرہوسٹس پی آئی اے کی پرواز پی کے797 پرتعینات تھی۔
ترجمان کے مطابق کینیڈین امیگریشن اتھارٹی کو گمشدگی سے متعلق آگاہ کر دیاگیا، فضائی میزبان جنرل ڈکلیئریشن پر کینیڈا جاتے ہیں ، واپسی پرایک بندے کی کمی پرکینیڈین امیگریشن کو اطلاع کرنا لازمی ہوتا ہے۔