پیر, جنوری 13, 2025
اشتہار

پی آئی اے طیارہ حادثہ، فرانسیسی ٹیم کی تحقیقات مکمل

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : فرانسیسی ٹیم نے طیارے حادثے کے مقام پر تحقیقات مکمل کرلیں تاہم تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ تباہ شدہ طیارے کی آخری جانچ پڑتال تحقیقات کا لازمی جزو ہے۔

تفصیلات کے مطابق فرانسیسی ٹیم نے جمعۃ الوداع کے روز شہر قائد میں پیش آنے والے اندہناک طیارہ حادثے کی تحقیقات مکمل کرلیں اس دوران یومیہ بنیاد پر گھنٹوں پر محیط تحقیق کے دوران روایتی طریقوں کے ساتھ فرانزک سمیت جدید تیکنیکی مہارتوں کا استعمال عمل میں لایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے سلسلے میں ائر فرانس اور ملکی تحقیقاتی ٹیم ائر کرافٹ اینڈ انویسٹی گیشن اتوار کو باہمی مشاورت کریں گے، تعطیل والے روز بھی مشترکہ ملاقات کے دوران اب تک ہونے والی تحقیق پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

- Advertisement -

فرانسیسی ٹیم اپنے قیام کے آخری روز جائے حادثہ کا ازسر نو جائزہ لے گی اور رن وے، ریڈار سینٹر، کنٹرول اور اپروچ سینٹر کا الوداعی دورہ بھی کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کو تباہ شدہ جہاز کے ڈائی گرام کے عین مطابق ملبے کی ترتیب اور اس پر تحقیق کو فوقیت دی جائیگی، تحقیقات میں آسانی کے لیے پی آئی اے حکام کی جانب سے جہاز کی انسپکشن اور تمام ضروری دستاویزات مہیا کردی گئیں۔

پی آئی اے حکام نے ماہرین کی ٹیم کو کاک پٹ کریو (کپتان ونائب کپتان) کا سابقہ ریکارڈ جبکہ ان سے متعلق انتہائی اہم تفصیلات بھی فراہم کردی گئیں۔

پی آئی حکام کا کہنا ہے کہ فرانسیسی ماہرین کی ٹیم کی واپسی کے لیے فرانس سے طیارہ اتوار کو پاکستان پہنچے گا، ائر بس ماہرین کی 11رکنی ٹیم پیر یکم جون کو کراچی سے خصوصی طیارے کے ذریعے فرانس روانہ ہوگی، ٹیم فلائٹ ڈیٹا ریکارڈ اور کاک پٹ وائس ریکارڈر ساتھ لے جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ائر فرانس کی ٹیم کے ساتھ پاکستانی تحقیقاتی ٹیم اے اے آئی بی،سول ایوی ایشن جبکہ پی آئی اے کا نمائندہ بھی روانہ ہوگا۔

واضح رہے کہ 22 مئی جمعۃ الوداع کو لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب واقع ماڈل کالونی جناح گارڈن کی رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر ہلاک جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔ حادثے میں مقامی لوگوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں جبکہ پانچ گھر مکمل تباہ ہوگئے۔

Comments

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں