اسلام آباد : قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری میں اظہار دلچسپی کی درخواستیں جمع کرانے میں 2 ہفتے کی توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری میں اظہار دلچسپی کی درخواستوں میں پندرہ دن کی توسیع کر دی گئی۔
اعلامیہ میں کہا گیا پی آئی اے کی نجکاری کے لیے درخواست اب 3 جون کے بجائے انیس جون تک طلب کی جائیں گی، عیدالاضحی کی چھٹیوں کی وجہ سے اظہار دلچسپی جمع کرانے والوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔
اظہار دلچسپی جمع کرانے کی تاریخ میں پندرہ دن کی توسیع سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے نجکاری میں کوئی صوبائی حکومت حصہ نہیں لے سکتی اور نہ ہی کسی ملک کی حکومت کے ساتھ بات چیت ہو رہی ہے، نجکاری کے لیے مڈل ایسٹ میں روڈشوز بھی کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں : پی آئی اے کی نجکاری کی دوسری بار کوششیں تیز
ذرائع نے کہا کہ نجکاری ایئرلائن اور معیشت دونوں کے لیے بہتر ہے، نجکاری سے قبل لندن کا روٹ بحال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق قومی ایئرلائن میں اب پہلے سے زیادہ منافع کی گنجائش ہے اور کئی ماہ سے مسلسل منافع میں ہے جبکہ اس وقت انجن، مرمت اور جہازوں کی ادائیگی خود کررہا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ایئرلائن خریدنے والوں کو اسی فیصد سے زیادہ حصص بھی دے سکتے ہیں۔